پاکستان تحریک انصاف (پی ٹی آئی) اور حکومت کی مذاکراتی کمیٹیوں کے درمیان سیاسی تناؤ کو کم کرنے کے لیے پارلیمنٹ ہاؤس میں مذاکرات کا دوسرا دور جاری ہے۔
ڈان نیوز کے مطابق حکومت اور پی ٹی آئی کی مذاکراتی کمیٹیوں کا دوسرا دور اسلام آباد میں پارلیمنٹ ہاؤس میں شروع ہوا۔
اسپیکر قومی اسمبلی ایاز صادق ان کیمرا اجلاس کی صدارت کر رہے ہیں۔
اجلاس میں حکومت کی جانب سے نائب وزیراعظم اسحٰق ڈار، راناثنا اللہ، فاروق ستار، علیم خان،عرفان صدیقی شریک ہیں، علاوہ ازیں نوید قمر، راجہ پرویز، خالدمگسی، اعجازالحق بھی موجود ہیں۔
پی ٹی آئی کی جانب سے عمرایوب، اسدقیصر، علی امین گنڈاپور، سلمان اکرم، علامہ راجا ناصرعباس، صاحبزادہ حامد رضا مذاکراتی کمیٹی میں شامل ہیں۔
قبل ازیں پاکستان تحریک انصاف (پی ٹی آئی) وفد نے حکومتی کمیٹی سے مذاکرات کرنے سے پہلے اڈیالہ جیل میں بانی چیئرمین عمران خان سے مشاورت کی تھی۔
اڈیالہ جیل میں توشہ خان ٹو کیس کی سماعت کے موقع پر عمران خان سے پی ٹی آئی مذاکراتی کمیٹی کے ایک رکن نے ملاقات کی۔
ملاقات مذاکراتی کمیٹی کے رکن سلمان اکرم راجا نے کی، اس موقع پر بیرسٹر علی ظفر بھی موجود تھے، ملاقات میں حکومت سے مذاکرات سے قبل ممکنہ حتمی مشاورت کی گئی۔
ملاقات کے بعد سلمان اکرم راجا اور بیرسٹر علی ظفر اڈیالہ جیل سے واپس اسلام آباد روانہ ہو گئے۔
اڈیالہ جیل کے باہر صحافیوں سے غیر رسمی گفتگو میں سلمان اکرم راجا کا کہنا تھا کہ ہم اپنے موقف پر کھڑے ہیں، مذاکرات کی کامیابی کے لیے پرامید ہیں۔